Wednesday, May 8, 2024

عوام باشعور ہو چکے ، اب پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا،عمران خان

عوام باشعور ہو چکے ، اب پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا،عمران خان
November 27, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں ۔ اس بار تحریک انصاف کو کوئی نہیں روک سکے گا ۔ نااہلی کیس کے فیصلے کے شدت سے منتظر ہیں ۔ نااہل ہوئے تو کیوں نکالا کا سوال نہیں کریں گے ۔
چینل 92 نیوز کے پروگرام 92 ایٹ 8 ود سعدیہ افضال پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا ۔ ان کی ایکسپرٹیز صرف یہ ہیں کہ یہ شریف خاندان کے گھریلو نوکر کا کام کرتے ہیں ۔ شریف خاندان اچھا کریں یا برا یہ بس ان کا دفاع کرتے ہیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ احسن اقبال نے پہلے عدالت کے باہر رینجرز کے مسئلے پر ڈرامہ کیا اور فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی ۔ احسن اقبال نے نواز شریف سے سیدھے منہ بنا کر جھوٹ بولنا سیکھا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حکومت اس ترمیم کو ایک منصوبے کے تحت لے کر آئی ۔ شہباز شریف نے بھی تقریر کی کہ ذمہ دار کو سزا دی جائے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ دھرنا تین گھنٹے میں ختم کرا دوں گا۔ انہیں بڑھکیں مارنے کی بجائے جاکر بات کرنی چاہئے تھی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے الیکشن بل پر احتجاج کیا تھا ۔ کمیٹی کے منٹس نکال کر دیکھ لیں واضح ہو جائے گا کہ ہم نے بحث کی تھی یا نہیں ۔ میرے خیال میں حکومت نے بیرونی پریشر پر ایسا اقدام اٹھایا ۔ ساری قوم جاننا چاہتی ہے کہ یہ سب کچھ کیوں کیا گیا ۔ دھرنے کے شرکا کا مطالبہ وہی تھا جو شہبازشریف کا تھا ۔ احسن اقبال کو اب ہائیکورٹ کا فیصلہ یاد آگیاہے ۔ میں اسمبلی کو بدنام کرنے والی شکلیں اسمبلی میں جاکر نہیں دیکھنا چاہتا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں اگر نااہل ہوتا ہوں تو میں یہ نہیں کہوں گا کہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ چین میں 5 کروڑکی کرپشن پر پھانسی کی سزا ہے ۔  چین کی جی ڈی پی 10 ٹریلین ڈالر ہے اور پانچ سالمیں 400 وزیروں کوکرپشن میںپ کڑا گیا ہے ۔ جبکہ 11 لاکھ سرکاری نوکروں کی پکڑکی گئی ۔