Thursday, April 25, 2024

عنبرین سواتی کے دھمکیوں کے الزامات ، اعظم سواتی کا رد عمل بھی سامنے آگیا

عنبرین سواتی کے دھمکیوں کے الزامات ، اعظم سواتی کا رد عمل بھی سامنے آگیا
June 30, 2018
پشاور( 92 نیوز ) عنبرین سواتی کے اعظم سواتی پر الزامات پر  پی ٹی آئی سینیٹر کا ردعمل بھی سامنے آگیا ،اعظم سواتی نے  آڈیو پیغام میں عنبرین کی گفتگو کو تحریف شدہ قرار دے دیا اور کہا کہ  ٹکٹ منسوخی کا فیصلہ انہوں نے نہیں، عمران خان نے کیا ، عنبرین سواتی کو ٹکٹ واپس کرنے کے لئے مطالبے پر مبنی اعظم سواتی کی مبینہ آڈیو کال گزشتہ روز منظرعام پر آئی تھی ۔ تحریک انصاف کی این اے 13 سے امیدوار عنبرین سواتی کو اعظم سواتی کی دھمکی آمیز آڈیو کال کے معاملے میں نیا موڑ آگیا ، پی ٹی آئی کے سینیٹر نے عنبرین سواتی کی گفتگو کو تحریف شدہ قرار دے دیا ،  خاتون امیدوار کے الزامات کے جواب میں اعظم سواتی نے بھی آڈیو پیغام جاری کردیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ عنبرین تحریک انصاف کے اندرونی معاملات اچھالنا چاہتی ہیں، ٹکٹ منسوخی کا فیصلہ انہوں نے نہیں بلکہ عمران خان نے کیا ۔ اعظم سواتی کاکہنا ہے کہ تحریف شدہ گفتگو جاری کرنے کے پیچھے سیاسی شرارت کار فرما  ہیں ،عزت اور توقیر اجتماعیت کو نقصان پہنچانے میں نہیں پارٹی کے ساتھ چلنے میں ہے۔ گزشتہ روز اعظم سواتی کی خاتون امیدوار کو کی گئی مبینہ آڈیو کال سامنے آئی ، جس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر عنبرین سواتی سے ٹکٹ واپس کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اعظم سواتی کی طرف سے ٹکٹ واپس کرنے کے مطالبے اور پارٹی سے نکالنے کی دھمکی پر عنبرین سواتی نے عمران خان کے نام ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا ۔ دوسری طرف عنبرین سواتی نے این اے13سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، کہتی ہیں کہ ان کے ساتھ مقامی قیادت نے زیادتی کی، عمران خان ان کے قائد ہیں، حلقہ میں ان کے مدمقابل کسی امیدوار کے پاس بلے کا نشان نہیں، کارکن انہیں سپورٹ کریں۔