Saturday, May 18, 2024

عمیرصدیقی 100افراد کا قاتل !!! عدالت نے 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے کر دیا

عمیرصدیقی 100افراد کا قاتل !!! عدالت نے 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے کر دیا
June 15, 2015
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مبینہ طور پر 100سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ایم کیو ایم الیکشن سیل کے رکن عمیر حسن صدیقی کو دہرے قتل کے مقدمے میں 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر معمار پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے الیکشن سیل کے رکن عمیر صدیقی کو 90 روز پورے ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت شروع ہوئی تو ملزم نے بیان دیا کہ دوران حراست اسے جیل کے باہر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ رینجرز لاءآفیسر رانا خالد نے عدالت کو بتایا کہ عمیر صدیقی قتل کی 100وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ٹارگٹ کلنگ کی 84 وارداتوں میں 67 افراد کے قتل میں ملوث ہونے اعتراف کرچکا ہے اور اب تک 44 افراد کے قتل کے مقدمات کا ریکارڈ حاصل کیا چکا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم براہ راست انتخابی دھاندلی میں ملوث ہونے اور کراچی علیحدگی تحریک میں سرگرم رہا ہے۔ لاءآفیسر نے بتایا کہ ملزم ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث کئی گروہوں کی سرپرستی کرتا تھا۔ عدالت میں پولیس کی استدعا منظور کرتے ہو ئے ملزم کو 10روز کے جسمانی ریمانڈ پر گلشن معمار پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ملزم پر 2013ءمیں نیاز گل نامی شخص سمیت 2 افراد کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کرنے کا الزام ہے۔