Monday, September 16, 2024

عمرکوٹ میں پولیس کو دھمکیاں دینے والا حسن تالپور کراچی سے گرفتار

عمرکوٹ میں پولیس کو دھمکیاں دینے والا حسن تالپور کراچی سے گرفتار
May 3, 2017
کراچی (92نیوز)عمر کوٹ میں پولیس کو دھونس دھمکیاں دینے والا زید تالپور کا بیٹا حسن تالپور کراچی سے پکڑا گیا، بڑی بڑی ہانکنے والا کالی وردی والوں کے ہاتھ چڑھا تو ساری کی ساری ہوا نکل گئی، پولیس اہلکاروں سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگنے لگا۔ تفصیلات کےمطابق عمرکوٹ میں تھانہ کنری پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والا حسن تالپور کراچی کے علاقے کلفٹن سے پکڑا گیا، کالی وردی والوں کے ہاتھ اور تھانے کی درو دیوار دیکھ کر حسن تالپور کے اوسان خطا ہوگئے، معصومیت کا لبادہ اوڑھ لیا اور ہاتھ جوڑ کر انگریزی زبان میں معافیاں مانگتا رہا۔ ایس ایس پی عمر کوٹ عثمان باجوہ کا کہنا ہےکہ زید تالپور سمیت دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں،کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او کنری کو پرائیویٹ شخص سے معافی مانگنے پر عہدے میں تنزلی کرتے ہوئے معطل کردیا ہے جبکہ ڈی ایس پی کو معطل کرتے ہوئے فوری سینٹرل پولیس آفس طلب کرلیا ہے۔