Friday, April 19, 2024

عمرشریف کے انتقال سے اداکاری اور کامیڈی کا سنہرا باب بند ہوگیا، شوبز شخصیات

عمرشریف کے انتقال سے اداکاری اور کامیڈی کا سنہرا باب بند ہوگیا، شوبز شخصیات
October 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شوبز شخصیات نے عمرشریف کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا اداکاری اور کامیڈی کا سنہرا باب بند ہوگیا، عمرشریف کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

اداکارہ نشو بیگم نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا عمر شریف لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھرتا  تھا۔ میرا عمر شریف سے بہن بھائی والا رشتہ تھا۔

اداکار قوی خان اور سہیل احمد نے کہا آج ایک بہترین دوست اور اور برصغیر کا سب سے بڑا کامیڈین جدا ہوگیا۔ امجد اسلام امجد نے کہا عمر شریف بہت اچھا انسان تھا، ترقی کے زمانے میں بھی سب کو یاد رکھا۔ عمر شریف دوسروں کا بہت زیادہ خیال رکھتے تھے۔

بابرہ شریف نے کہا عمر شریف جیسے لوگ کم پیدا ہوتے ہیں، عمر شریف کا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں آرٹ کو سمجھا نہیں گیا، لوگوں کو عمر شریف کے نقش قدم پر چلنا چاہئے۔ عمر شریف بہت ہی نفیس اور ہمدرد انسان تھے۔

اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا عمر شریف کے انتقال سے برصغیر سوگوار ہے۔ عمر شریف طنزو مزاح سے معاشرے کی اصلاح کرتے تھے۔ عمر شریف لوگوں کی بہت مدد کیا کرتے تھے۔

اداکار ایوب کھوسہ نے معروف کامیڈین عمرشریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ عمرشریف  بہت بڑا نام تھا، عمر شریف کے چھوڑ جانے پر دل بہت دکھی ہے۔

اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا عمر شریف انتہائی پیار سے ملتے تھے، عمر شریف جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، کامیڈی کنگ کے انتقال سے بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا۔

فوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا، عمر شریف نے اپنے فن سے پاکستان کا نام روشن کیا، عمر شریف کے ساتھ کئی سال کام کیا، عمر شریف ایک ہی تھا اور اس جیسا کوئی نہیں۔ وہ جتنا بڑا کامیڈین تھا اتنا ہی بڑا انسان تھا۔

کامیڈین اداکار رؤف لالہ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ’’ بکرا قسطوں میں ‘‘ ہمارا پہلا ڈرامہ ہٹ ہوا، عمر شریف میرے مرشد تھے۔ ان کیساتھ پوری دنیا گھومی، بہت ہی پیار والے انسان تھے۔ عمر بھائی کی کامیڈی کبھی تبدیل نہیں ہو سکتی، آج کے فنکار بھی عمر بھائی کو کاپی کرتے ہیں۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا عمر شریف کو پیار کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں، ان جیسے لوگ کبھی نہیں مرتے۔ مزید کہا کہ عمر شریف دنیا چھوڑ گئے لیکن ہمارے دل میں زندہ ہیں۔

ادا کارہ ریشم نے کہا عمر شریف کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، انہوں نے دنیا کا سب سے مشکل کام سرانجام دیا۔ کہا کہ عمر شریف بہت سی مشکلات سے دوچار رہے، بیٹی کے انتقال کے بعد انکی صحت بگڑتی گئی۔ مزید کہا میں عمر شریف کی منہ بولی بہن تھی۔

اداکارہ میرا نے کہا عمر شریف کا انتقال پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہے، عمر شریف کا علاج بہت جلد شروع ہو جانا چاہئے تھا، فنکاروں کی فلاح کے لئے حکومت کو کوئی ادارہ بنانا چاہئے۔ امیتابھ، مادھوری، سیف علی خان مجھ سے عمر شریف کا پوچھتے تھے۔

اداکار احسن خان نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا عمر شریف نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

گلوکارہ سارہ نسیم نے عمر شریف کے انتقال پر گہر ے دکھ کا اظہار کیا، کہا کہ عمر شریف کی موت کا سن کر دل بہت دکھی ہے۔ اللہ انکی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

گلوکار جواد احمد نے تعزیت کرتے ہوئے کہا عمر شریف ون مین شو تھے، ان کے ساتھ سیکڑوں شوز کئے۔ عمر شریف بہت بڑے فنکار تھے، مجھے کہتے تھے میرے بیٹے کا نام بھی جواد ہے۔

گلوکار ابرار الحق نے کہا عمر شریف کے خلا کو پتا نہیں کوئی پر کر سکے گا یا نہیں۔ وہ بہت بڑے صوفی تھے، چیریٹی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا عمرشریف کا پہلے علاج کرالیا جاتا تو شاید وہ بچ جاتے۔ ان کے انتقال سے بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا۔