Friday, April 19, 2024

عمران خان نے اقتدار میں آ کر سادگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا

عمران خان نے اقتدار میں آ کر سادگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا
July 9, 2018
ایبٹ آباد (92 نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اقتدار میں آکر سادگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا، انہوٓں نے کہا کہ بڑے بڑے محلات، وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤسز ختم کردینگے۔ تفصیلات کے مطابق،پانچ سالوں میں ملک کو مقروض کیا گیا، اخراجات کم کر کے قرضے اتاریں گے،کپتان نے ہری پور اور ایبٹ آباد میں کھلاڑیوں کا خوب لہو گرماتے ہوئے قرض اتارنے سمیت ملکی مسائل کے حل کا منصوبہ دیا تو ساتھ ساتھ ہی مخالفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اقتدار میں آ کر وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤسز سمیت محلات کو ختم کرنے اور سادگی اختیار کرنے کا بڑا اعلان کردیا، کہتے ہیں گورنر ہاؤسز کو ہوٹلز بنا کر پیسے کمائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے دوران ملک کو مقروض کردیا گیا، وہ حکومت میں آنے کے بعد اخراجات کم کر کے قرض اتاریں گے،، ایف آئی اے، ایف بی آر اور نیب سمیت اداروں کو بہتر بنائیں گے۔ اس سے قبل ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سیاسی مخالفین پر باؤنسرز کی بارش کردی، بولے دو ہزار تیرہ کا الیکشن فکس تھا، نوازشریف خدا کا واسطہ اب نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا،300ارب کیسے باہر گئے یہ جواب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر گرفتاری دینے راولپنڈی ایسے گیا جیسے کشمیر فتح کر کے آیا ہو۔