Sunday, September 8, 2024

'ڈاکٹر عمران فاروق کو برطانوی شہریت کے لالچ میں قتل کیا'

'ڈاکٹر عمران فاروق کو برطانوی شہریت کے لالچ میں قتل کیا'
January 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے والے ملزموں سے سنسنی خیز انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ ملزم محسن علی سید نے اپنے اقبالی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ قتل کے لئے اسے برطانیہ کی شہریت اور رہائش کا لالچ دیا گیا تھا۔ مرڈر مشن کے لئے چھ ماہ تک لندن میں دو مشہور ریسٹورنٹس پر بطور ویٹر نوکری بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم محسن علی سید نے اقبالی بیان میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کے لئے وہ فروری دوہزار دس میں برطانیہ پہنچا۔ لندن میں ڈاکٹر عمران فاروق کی رہائش گاہ سے پچیس سے تیس گزکے فاصلے پر ایک کمرہ کرایے پر لیا جہاں سے عمران فاروق کے گھر آنے جانے کے شیڈول سے متعلق تمام معلومات اکٹھی کیں۔ محسن علی کے اقبالی بیان میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ مرڈر مشن کو پایہ تکمیل تک پہچانے کے لئے لندن کے سیک مقامی کالج میں داخلہ بھی لیا جبکہ دو مشہور فوڈ چین میں پارٹ ٹائم بطور ویٹر نوکری بھی کی۔ ملزم محسن کے بیان کے مطابق برطانیہ کی شہریت اور مستقل سکونت کے لالچ میں ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے پر آمادہ ہوا کیو نکہ خالد شمیم نے اسے مستقبل کے سہانے خواب دکھائے تھے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزموں کے اقبالی بیان میں سنسنی خیز انکشافات کیس کے ٹرائل میں بہت معاون ثابت ہوں گے۔