Thursday, April 25, 2024

عمران فاروق قتل کیلئے لندن سے ہدایات دی گئیں !!! ملزم خالد شمیم کے انکشافات 92نیوز کی خصوصی رپورٹ میں

عمران فاروق قتل کیلئے لندن سے ہدایات دی گئیں !!! ملزم خالد شمیم کے انکشافات 92نیوز کی خصوصی رپورٹ میں
June 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں سے تفتیش کرے گی۔ یہ ملزم پاکستانی تحقیقاتی اداروں کے سامنے کیا کیا اعتراف کرچکے ہیں اس پر 92نیوز نے خصوصی رپورٹ تیار کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ملزم خالد شمیم نے قومی سلامتی کے ادارے کی پوچھ گچھ کے دوران کئی اہم راز افشا کر دیئے ہیں۔ واٹر بورڈ کے افسر خالد شمیم نے بتایا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کےلئے اسے ہدایات براہ راست لندن سے دی گئیں جبکہ اس قتل کی منصوبہ بندی بھی لندن میں کی گئی۔ خالد نے بتایا کہ اس نے عمران فاروق کو قتل کرنے والے محسن اور کاشف سے ملاقات کراچی کے ضلع وسطی میں واقع ایک ہوٹل میں کی جس کے بعد اس نے دونوں کو معظم علی خان سے ملوایا۔ خالد شمیم کا کہنا تھا معظم کی کمپنی میں نوکری کے دوران وہ معظم کی نگرانی بھی کرتا رہا۔ خالد شمیم نے انکشاف کیا کہ عمران فاروق کے قتل کے عوض کاشف اور محسن کو خطیر رقم دی گئی تھی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے یہ بھی بتایا کہ محسن اور کاشف لندن میں قیام کے دوران اسے روزانہ کی بنیاد پر ایک ٹیلیفون کال اور دو ای میلز بھیجا کرتے تھے جس میں ریکی سے متعلق تفصیلات ہوا کرتی تھیں۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ اسے محسن اور کاشف کو کراچی پہنچنے پر قتل کیے جانے کی اطلاعات بھی ملیں جس پر وہ ان سے ملنے سری لنکا گیا جہاں محسن اور کاشف سے اس نے عمران فاروق قتل کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ خالد شمیم کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کے بعد اسے معظم کا بلیک بیری فون ضائع کرنے کی ہدایات دی گئیں جس پر اس نے معظم کا فون توڑ دیا تھا۔