Saturday, May 4, 2024

عمران فاروق قتل کیس : گرفتار تینوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

عمران فاروق قتل کیس : گرفتار تینوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع
January 4, 2016
اسلام آباد(92نیوز)ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق ایف آئی اے نےعمران فاروق قتل کیس کے ملزمان سید محسن، خالد محمود اور معظم علی خان کو چہرے ڈھانپ کر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا۔ سماعت کے باقاعدہ آغاز پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر شہزاد ظفر نے جسمانی ریمانڈ میں 15 توسیع کی درخواست کی تاہم عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو مزید 14 روز کے لئے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ملزمان کو 18 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے دوران ملزم معظم علی کے وکیل منصور آفریدی نے اپنے دلائل میں کہا کہ سرکار نے 1992 میں عمران فاروق کے سر کی قیمت 7 لاکھ جب کہ بعد میں 50 لاکھ مقررکی،عمران فاروق فرار ہو کر لندن گئے جہاں انہوں نے برطانوی شہریت حاصل کی۔ 2010 میں لندن میں ہی ان کا قتل ہوا جب کہ ایف آئی اے نے مقدمہ 2015 میں پاکستان میں درج کیا۔ قتل کے مقدمے میں گرفتار ان کا موکل برطانوی شہری ہے یعنی قاتل اور مقتول دونوں ہی برطانوی شہری ہیں، اس صورت حال میں قانون کے مطابق پاکستان مقدمے میں مدعی نہیں بن سکتا  ریمانڈ کی استدعا کے خلاف منصور آفریدی نے کہا کہ ایف آئی اے بار بار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ مانگ رہی ہے، حتیٰ کہ عدالت کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ملزمان کے اب تک کتنے ریمانڈ ہوئے جو غیر قانونی ہے۔