Friday, March 29, 2024

عمران فاروق قتل کیس کس کا پھندا بنے گا !!! سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم 7روز میں بتا دےگی

عمران فاروق قتل کیس کس کا پھندا بنے گا !!! سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم 7روز میں بتا دےگی
June 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سکاٹ لینڈ یارڈ کی 6رکنی ٹیم عمران فاروق قتل کیس میں معظم علی کے علاوہ خالد شمیم اور محسن علی سے بھی تفتیش کرے گی۔ 92 نیوز نے برطانوی ٹیم کی آمد کی خبر سب سے پہلے دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران قتل کیس کی تحقیقات کےلئے سکاٹ لینڈ یارڈ کی 6رکنی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ ٹیم پاکستان میں تین مراحل میں تفتیش کرے گی۔ ٹیم میں تفتیش کار، مترجم اور معاون شامل ہیں۔ ٹیم کے ارکان میں سٹیورٹ جیمز ،ڈیوڈ والٹر سمتھ ،گیری مارٹن ، کلئیر مارگریٹ ،ٹیلر کیتھ اور سمانتھا لوئیس شامل ہیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو پہلے مرحلے میں وزارت داخلہ کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی اور پھر تحقیقات کیلئے ملزم معظم علی تک رسائی دی جائے گی کیونکہ برطانوی حکام کی جانب سے معظم علی تک رسائی کی درخواست کی تھی۔ دوسرے مرحلے میں ملزمان خالد شمیم اور محسن علی سید تک رسائی اور براہ راست تفتیش کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ کو الگ درخواست دینا ہو گی۔ دوران تفتیش سکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ پاکستانی تحقیقاتی اداروں کے نمائندے بھی موجودہوں گے اور ملزمان کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الگ، الگ تفتیش کا عمل مکمل ہونے کے بعد تینوں ملزموں کو ایک ساتھ بٹھا کربھی سوالات کئے جائینگے۔ ملزمان کی ایک دوسرے کو شناخت بھی کرائی جائے گی۔ تفتیش کا یہ عمل اسلام آباد میں ہی مکمل ہوگا جس کے انتظامات مکمل ہیں۔ سات روز میں تحقیقات کا عمل مکمل کرنے کے بعد برطانوی ٹیم واپس روانہ ہوجائے گی جس کے بعد ان ملزموں کی برطانیہ کوحوالگی کا عمل شروع ہوگا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کی پاکستان آمد اورتفتیش کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس تفتیش میں مزید کئی اہم انکشافات اور ثبوت سامنے آے کی توقع ہے۔