Saturday, May 11, 2024

عمران فاروق قتل کیس، پاکستان کا برطانیہ سے بانی متحدہ ، محمد انور ، افتخار حسین کی حوالگی کا مطالبہ

عمران فاروق قتل کیس، پاکستان کا برطانیہ سے بانی متحدہ ، محمد انور ، افتخار حسین کی حوالگی کا مطالبہ
August 13, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں  پاکستان نے برطانیہ  سےبانی متحدہ، محمد انور اور افتخار حسین کی حوالگی کا مطالبہ  کر دیا۔

اینٹی ٹیرر ازم کورٹ نےمحسن علی سید، معظم علی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ بانی متحدہ کو مفرور قراردیا تھا،پاکستان نے برطانیہ کو تحویل مجرمان کیلئے خط لکھ دیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے  21 مئی کو دلائل مکمل ہونے پر ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا ، کیس میں تین ملزمان محسن علی ، معظم علی اور خالد شمیم کو گرفتار کیا گیا تھا ۔

کیس کا ٹرائل 2015 میں اسلام آباد میں شروع ہوا تھا ، 5دسمبر2015کو ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، 2مئی 2018کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی جبکہ ملزمان نے7جنوری2016کو مجسٹریٹ کے روبرو اقبال جرم کیا،بعد میں بیان سے منحرف ہوگئے ۔

ڈاکٹر عمران فاروق ستمبر 2010 کو لندن میں اپنے دفتر سے گھر جا رہے تھے کہ انہیں گرین لین کے قریب واقع ان کےگھر کے باہر چاقو اور اینٹوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

وقوعہ کے 5 سال بعد  2015 میں اس وقت کے  وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ بانی ایم کیو ایم سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف درج کیا ۔