Sunday, May 12, 2024

عمران فاروق قتل کیس میں بیوہ شمائلہ عمران کا بیان ریکارڈ

عمران فاروق قتل کیس میں بیوہ شمائلہ عمران کا بیان ریکارڈ
February 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) عمران فاروق قتل کیس میں لندن سے ویڈیو لنک پر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران نے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما کی بیوہ شمائلہ پر وکلا کی جرح بھی مکمل ہو گئی۔ شمائلہ نے عدالت کو عمران فاروق کے قتل کے فوری بعد ہونے والے واقعات تفصیل سے بتا دیئے۔ شمائلہ فاروق نے عدالت کو بتایا کسی کو قتل کرتے ہوئے نہیں دیکھا، ہمسایوں سے سنا کہ گھر کی سیڑھیوں پر دو لڑکوں نے نشانہ بنایا۔ ایک نے چاقو سے حملہ کیا، دوسرے نے اینٹ ماری، تاخیر ہونے پر شوہر کو فون کیا مگر کوئی جواب نہ ملا۔ عمران فاروق کی بیوہ نے بیان دیا گھر کا دروازہ کھولا تو پولیس اندر داخل ہو گئی اور ہمیں دوسری جگہ منتقل کر دیا۔ گھر کے قریب ایک زخمی شخص کو نوٹس کیا مگر یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ عمران فاروق ہے، ہمیں پولیس نے دیکھنے ہی نہیں دیا۔ شمائلہ نے عدالت کو بتایا پولیس نے بعد میں موت کے بارے میں اطلاع دی جس پر پاکستان فون کرکے اپنے سسرال کو آگاہ کر دیا۔ جج شاہ رخ ارجمند نے پوچھا کیا آپ کے شوہر نے خدشے کا اظہار کیا تھا، اس پر شمائلہ نے ناں میں جواب دیا۔ عمران فاروق کی اہلیہ نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ان کے شوہر پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے۔ اس پر جج نے جواب دیا انشاء اللہ انصاف ہوگا کیونکہ ہم انصاف کیلئے ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔ شمائلہ نے بتایا جب ان کے شوہر پاکستان سے رخصت ہو رہے تھے اس وقت ایک ایک شعر پڑھا تھا کہ الوداع ہو رہا ہوں ارض وطن، لے کر امید پھر تجھ سے ملنے کی، ان الفاظ کے ساتھ ہی شمائلہ روتے ہوئے عدالت سے رخصت ہو گئیں۔ دوسرے برطانوی گواہ ڈاکٹر تھامسن کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا۔ ڈاکٹر تھامس نے بتایا کہ عمران فاروق کے جسم پر زخموں کے نشان تھے۔ ان کے چہرے، گردن اور پیٹ پر زخم تھے۔ مقتول ڈاکٹر عمران فاروق کو 6 بج کر 37 منٹ پر ڈیڈ قرار دیا۔ وکلا صفائی نے گواہ پر کوئی جرح نہیں کی۔