Friday, April 19, 2024

عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت، چودھری نثار کی پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے میڈیا سے گفتگو

عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت، چودھری نثار کی پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے میڈیا سے گفتگو
April 13, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو واقعے کے پانچ سال بعد کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کہتے ہیں گرفتاری حساس اداروں کی کامیابی ہے۔ ملزم معظم علی کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ ملزم معظم علی نے دو غریب طالب علموں کو لندن بھیجا جنہوں نے اپنا مرڈر مشن مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں مطلوب ملزم معظم کوخفیہ اداروں نے گرفتار کیا جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے یہ بھی کہا کہ عمران فاروق کا قتل کیس پاکستان اور برطانیہ کا امتحان تھا، پیشرفت پر لندن حکام کو آگاہ کر دیا، معاملے پر جے آئی ٹی جلد بنائیں گے۔ چودھری نثار نے کہا کہ ایک شخص کو دن دیہاڑے لندن میں قتل کیا گیا، معاملہ سیاسی کیسے ہو سکتا ہے؟؟؟ عمران فاروق قتل کے مقدمے میں پانچ سال بعد کراچی سے یہ پہلی گرفتاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو قتل کے بعد کراچی میں تصدیقی کال موصول ہو گئی تھی، اسے منہ بند اور نقل وحرکت محدور رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اس دوران ملزم نے پاکستان سے فرار ہونے کی دو بار کوشش بھی کی۔ ذرائع کے مطابق معظم علی سے چار حساس اداروں کے اہلکار تفتیش کر رہے ہیں۔ ویڈیو اور تحریری بیان لیا جا چکا ہے جس میں اہم رازوں سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔