Saturday, May 4, 2024

عمران فاروق قتل کیس ، مقتول کی بیوہ سمیت 32 گواہ ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کرائینگے

عمران فاروق قتل کیس ، مقتول کی بیوہ سمیت 32 گواہ ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کرائینگے
December 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت  ہو گئی ،  مقتول کی بیوہ سمیت 32 برطانوی گواہوں کےویڈیو لنک کے ذریعے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے، انسداد دہشت گردی عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کر لی  ، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسداد دہشت گردی ونگ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت  دیدی ۔ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت  ہو ئی ہے ، 32 برطانوی گواہوں کےویڈیو لنک کے ذریعے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے ، ایف آئی اے نے مقتول کی اہلیہ شمائلہ سیدہ نذر کو بھی گواہ بنا دیا ۔کیس کی سماعت اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی ۔ دوران سماعت ایف آئی اے نے مزید 32 برطانوی گواہوں کی فہرست پیش کی ، درخواست کی تمام گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کئے جائیں ،  اِن گواہوں میں برطانوی فنگر پرنٹ، فرانزک ماہرین اور لندن اکیڈمی آف منیجمنٹ سائنسز کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ برطانوی تفتیشی افسر بیان ریکاڑد کرا چکے  ، اب مزید اتنے زیادہ گواہان پیش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ ۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ابھی تمام گواہوں کو سمن بھجوانے ضروری ہیں جس گواہ کی ضرورت نہیں ہو گی اُسے بعد میں چھوڑ دیں گے ،عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کر لی ۔ قرار دیا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے گواہوں کے بیانات برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کئے جائیں گے ، ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ، کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔