Saturday, May 18, 2024

عمران فاروق قتل کیس : تفتیشی ٹیم کو ملزموں کی بینک ٹرانزیکشن کے اہم ثبوت مل گئے

عمران فاروق قتل کیس : تفتیشی ٹیم کو ملزموں کی بینک ٹرانزیکشن کے اہم ثبوت مل گئے
January 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملزموں کے بنک ریکارڈ نے تفتیشی ٹیم کی مشکل آسان کردی۔ قتل کی سازش کے لئے ملزم معظم علی کے بنک اکاونٹ سے ایک دن میں 25لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن بھی ہوئی۔ ایف آئی اے نے ملزموں کے بنک اکاونٹس میں رقم منتقل کرنے والے عناصر کی تلاش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے کراچی کے چار مختلف بنکوں سے مقدمے میں نامزد ملزموں کے اکاﺅنٹس کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ 92 نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ سال 2009ءاور 10ءمیں ملزم معظم علی کے اکاونٹ میں ایک ہی روز میں 25لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی جبکہ تفتیشی ٹیم نے دیگر ملزموں کے اکاونٹس میں بھی لاکھوں روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزموں کے اکاونٹس میں بیک وقت لاکھوں روپے کی ٹرانزیکشن ناصرف مشکوک ہے بلکہ اس سے قتل کی سازش کے تانے بانے بھی ملتے ہیں جنہیں کیس کے ٹرائل میں بطور ثبوت استعمال کیا جائے گا۔ تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کہ مرکزی ملزم محسن علی سید اور کاشف خان کامران کو لندن بھجوانے کے لئے اخرجات کا بندوبست گرفتار ملزم معظم علی کے ذریعے ہوا۔ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے ملزموں کے اکاونٹس میں لاکھوں روپے منتقل کرنے والے عناصر کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ ملزموں کے بنک اکاونٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔