Saturday, April 27, 2024

عمران فاروق قتل کیس ، تفتیشی ٹیم نے ملزموں کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے متعلقہ بنکوں سے رابطہ کر لیا

عمران فاروق قتل کیس ، تفتیشی ٹیم نے  ملزموں کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے متعلقہ بنکوں سے رابطہ کر لیا
December 29, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ڈاکٹر عمران فاروق قتل میں ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے گرفتار ملزموں کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے متعلقہ بنکوں سے رابطہ کرلیا ،تفتیشی ٹیم نے اکاؤنٹس اورریکارڈ کے لئے کراچی کے تین بنکوں کو خظوط لکھے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی، محسن علی سید اور خالد شمیم کے بنک اکاونٹس کی تفصیل کے لئے انسداد دہشت کی خصوصی عدالت نے تفتیشی ٹیم کو اجازت دی تھی عدالت سے اجازت ملنے کے بعد  کاونٹرٹیررازم ونگ نے کراچی کے تین شیڈولڈ بنکوں کو خط لکھ کر تفصیلات مانگی ہیں ۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے لکھے گئے خطوط میں بنکوں کو  پابند بنایا گیا ہے کہ ملزم معظم علی ،محسن علی سید اور خالد شمیم کے اکاونٹس میں  رقم کی ٹرانزیکشن سے متعلق تمام   تفصیلات  جلد فراہم کی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے ملزموں کے بنک اکاونٹس کی تفصیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ بنک اکاونٹس سے پتہ چلایا جائے گا کہ ملزموں کو کن کن ذرائع سے مالی معاونت کی جاتی رہی اور اس سازش میں نامزد ملزموں کے علاوہ اور کون لوگ ملوث ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزموں کا بنک ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے تفتیشی افسر شہزاد ظفر چوہدری پر مشتمل ٹیم جلد کراچی جائے گی۔ تفتیش ذرائع کا کہنا ہے کہ بنک اکاونٹس کی تفصیل کیس کی تفتیش اور ٹرائل کے لئے بہت معاون ثابت ہوگی جسے بطور میٹریل ایوی ڈینس چالان میں شامل کیا جائے گا۔