Friday, April 19, 2024

عمران فاروق قتل کیس : برطانوی پولیس کا جے آئی ٹی کو اہم ثبوت دینے سے انکار

عمران فاروق قتل کیس : برطانوی پولیس کا جے آئی ٹی کو اہم ثبوت دینے سے انکار
June 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ا سکاٹ لینڈ یارڈ نے جے آئی ٹی کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سے جڑے اہم ثبوت فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ برطانوی پولیس نے شواہد کے تبادلے کو کراون پراسیکیوشن سے مشاورت اور رضامندی سے مشروط کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے لئے سکارٹ لینڈ یارڈ کی خصوصی ٹیم نے پاکستان آئی تھی۔ ٹیم نے جے آئی ٹی کے ارکان سے بھی انٹریو کئے تھے جبکہ کیس کے ٹرائل اور چالان مین موجود ثبوتوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی آمد سے امید کی جارہی تھی کہ شائد کیس سے جڑے کچھ اہم ثبوت جے آئی ٹی کے حوالے کئے جائیں گے لیکن برطانوی پولیس کے صاف انکار نے جے آئی ٹی کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ پاکستان نے برطانیہ سے کیس سے ڈاکٹر عمران فاروق کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ، پوسٹ مارٹم رپورٹ، گواہوں کے بیانات اور کچھ فرانزک شواہد مانگے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکارٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے جے آئی ٹی کو واضح کیا کہ لندن کراون پراسیکیوشن کی اجازت کے بغیر کسی ثبوت کا تبادلہ یا حوالگی ممکن نہیں اور اس حوالے سے کراون پراسیکیوشن کو دورہ پاکستان کی تفصیلات پر مکمل بریفنگ دی جائے گی اور پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔ آمادگی کی صورت میں شواہد کے تبادلے پر غور ہوگا جبکہ جائے وقوعہ کے معائنے کے لئے پاکستانی ٹیم کی لندن روانگی بھی برطانوی پولیس کی آمادگی سے مشروط ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سکاٹ لینڈ کے دوٹوک موقف نے جے آئی ٹی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے اور ناکافی ثبوتوں کے باعث ٹرائل التوا کا شکار ہو سکتا ہے۔