Friday, April 26, 2024

عمران فاروق قتل کیس : برطانوی اداروں کی متحدہ قائد سے 2گھنٹے تفتیش

عمران فاروق قتل کیس : برطانوی اداروں کی متحدہ قائد سے 2گھنٹے تفتیش
April 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں ماسٹر مائنڈ کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام نے بھی کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ادھر منی لانڈرنگ کیس میں آئندہ اڑتالیس گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران فاروق قتل کیس منطقی انجام کی طرف بڑھنے لگا۔ لندن پولیس نے ماسٹر مائنڈ کو کٹہرے میں لانے کے لیے تفتیشی عمل تیز کردیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ عمران فاروق قتل کیس میں پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ماسٹر مائنڈ کو کٹہرے میں لانے کیلئے تفتیش کر رہے ہیں اور کیس کو منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا۔ برطانوی ایجنسیوں نے ایم کیو ایم قائد سے منگل کو پہلی بار براہ راست تفتیش کی۔ اس موقع پر کیس کے ملزموں اور گواہوں کے اعترافی بیانات اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ برطانوی اداروں نے متحدہ کے قائد سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور اہم سوالات کئے۔ دوسری طرف ترجمان ایم کیوایم نے الطاف حسین سے پوچھ گچھ کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ لندن میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق کراو¿ن پراسکیوشن نے منی لانڈرنگ کیس میں مشاورت کی ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ اڑتالیس گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔