Sunday, September 8, 2024

عمران فاروق قتل کیس : ایم کیو ایم کی لندن قیادت تک رسائی کیلئے انٹرپول سے رابطہ

عمران فاروق قتل کیس : ایم کیو ایم کی لندن قیادت تک رسائی کیلئے انٹرپول سے رابطہ
January 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) جے آئی ٹی نے ڈاکٹر عمران قتل کیس کی تحقیقات کے لئے نامزد ملزم الطاف حسین تک رسائی کے لئے انٹر پول اور وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ سفارتی ذرائع سے خط برطانوی حکام اور سکارٹ لینڈ یارڈ کو پہنچایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے مقدمے میں نامزد ملزم الطاف حسین‘ محمد انور اور افتخار حسین تک رسائی کے لئے انٹر پول اور وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔ جے آئی ٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ تینوں ملزم ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے پاکستان میں درج مقدمے میں نامزد ملزم ہیں اور ان سے تفتیش کے لئے رسائی درکار ہے۔ جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لکھے گئے خط میں عمران فاروق قتل سے متعلق لندن میں موجود ثبوتوں تک بھی رسائی مانگی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ سفارتی ذرائع سے برطانوی حکام کو ثبوتوں تک رسائی کے لئے درخواست کرے گی۔ تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کہ خط میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ تک رسائی بھی مانگی گئی ہے جو کیس کی ایک اہم گواہ بھی ہیں اور ان کے پاس قتل کیس سے متعلق اہم معلومات بھی ہیں جبکہ جائے وقوعہ کے معائنے کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں کیس کے ثبوت اور شواہد اکٹھے کرنے کے لئے ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تفتیشی افسر شہزاد ظفر چوہدری کی سربراہی میں ٹیم نے کراچی سے ملزموں کے بنک اکاونٹس اور دیگر اہم شواہد بھی حاصل کرلئے ہیں۔