Monday, May 13, 2024

عمران صاحب غریب اور کمزور کا پیٹ جھوٹے وعدوں سے نہیں بھرتا، مریم اورنگزیب

عمران صاحب غریب اور کمزور کا پیٹ جھوٹے وعدوں سے نہیں بھرتا، مریم اورنگزیب
April 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عمران صاحب غریب اور کمزور کا پیٹ جھوٹے وعدوں سے نہیں بھرتا۔

ترجمان (ن) لیگ نے وزیراعظم عمران خان کو جواب میں کہا، بیان اور لیکچر دینے سے معیشت ٹھیک ہوتی ہے نہ روزگار ملتا ہے۔ گھر میں روٹی اور روزگار ہو گا تو سیاحت ہو گی۔ آپ کے احمقانہ فلسفے بہت ہوگئے، گھر جائیں، ‎آپ کے انتقامی سیاسی بیانیے اور مدینہ کی پاک ریاست کے نام پرآپ کی جھوٹی منافقانہ سیاست عوام نے مسترد کردی ہے۔

‎اُنہوں نے کہا، عمران صاحب آپ کی رنگ برنگی جھوٹی تقریروں سے غریب کا پیٹ بھرتا ہے اور نہ لوگوں کو روزگار ہی ملتا ہے۔ زبانی جمع خرچ سے سیاحت کو فروغ نہیں ملتا، نہ معیشت ٹھیک ہوتی ہے۔ جس سٹرک پر آپ سفر کرکے جاتے اور پھر سیاحت کے فروغ کی جھوٹی باتیں کرتے ہیں، وہ نوازشریف نے بنائی تھی، ‎نوازشریف نے بہترین سڑکیں بنائیں تاکہ سیاحت کا فروغ اور عوام کو روزگار مل سکے۔

‎اُن کا کہنا تھا کہ، نواز شریف نے بیانات نہیں دئیے بلکہ عملی کام کیا ، عوام سے جو وعدہ کیا ، اسے پورا کردکھایا۔ ‎مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی 3 فیصد کی کم ترین اور معاشی ترقی 6 فیصد کی بلند ترین سطح پر لا کر دکھائی۔ ‎عمران صاحب جھوٹے الزامات اور آپ کا جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہر ٹرائل میں سروخرو ہوئی۔

‎انہوں نے مزید تنقیدی نشتر برساتے کہا، عمران صاحب سیاحت کا فروغ ہو، درآمد یا برآمد ہو، معیشت کی بحالی، عوام کا روزگار یا مہنگائی میں کمی ہو، یہ سب مسلم لیگ (ن) نے کیا ہے اور کرے گی۔ اب مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر قوم کو 2018 والا پُراُمیدروشن پاکستان واپس دے گی، پھر سے معیشت واپس 6 فیصد پر واپس لائیں گے، عوام کے روزگار کا بندوبست کریں گے جس طرح ہم نے پہلے کیا تھا۔