Tuesday, April 30, 2024

عمران خان کے پی کے کے ریسٹ ہاوسز کی حالت زار سےناآشنا

عمران خان کے پی کے کے ریسٹ ہاوسز کی حالت زار سےناآشنا
October 16, 2015
مری(92نیوز)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ریسٹ ہائوسز سیاحوں کو کرائے پر دینے کی ہدایت کردی لیکن کپتان ان ریسٹ ہائوسز کی حالت زار سے واقف نہیں۔ تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے سرکاری ریسٹ ہائوسز سیاحوں کو کرائے پر دینے کی ہدایت تو دے دی لیکن شاید وہ ان ریسٹ ہائوسز کی حالت زار سے ناآشنا ہیں۔ صوبے کے مختلف مقامات پر قائم سرکاری ریسٹ ہائوسزاس قدر خستہ حال ہیں کہ وہاں سیاح تو کیا خود عملہ بھی شاید قیام نہ کرے۔ صوابی میں بیرگلی کے مقام پر 1988 میں بنی سی اینڈ ڈبلیو کی یہ عمارت ریسٹ ہائوس کم اور کباڑ خانہ زیادہ لگتا ہے،پرفضاء مقام پرموجود اس ریسٹ ہائوس کے دروازے یا تو سرے سے غائب ہیں یا پھراس قدرخستہ حال کہ ہاتھ لگاتے ہی گر پڑیں۔ یہی نہیں دیواروں اور فرش کی حالت بھی ایسی کہ کسی اصطبل کا گماں ہونے لگتا ہے،چھت ٹپکتی ہے تو ریسٹ ہائوس میں داخل ہونےکےلئے بنائی گئی سیڑھیوں کی حالت بھی ایسی ہے کہ ان پر چلنا پل صراط پر چلنے کے برابر ہے۔ کپتان خیبرپختونخوا حکومت کی ٹیم کو ریسٹ ہائوس کرائے پر دینے سے قبل ان کی حالت بہتر کرنے کی ہدایت جاری کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔