Thursday, May 2, 2024

عمران خان کے دو سال میں ملک کا جو حال ہوا سب کے سامنے ہے ، بلاول بھٹو

عمران خان کے دو سال میں ملک کا جو حال ہوا سب کے سامنے ہے ، بلاول بھٹو
October 29, 2020
 سکردو (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا عمران خان کے دو سال میں ملک کا جو حال ہوا سب کے سامنے ہے۔ آج ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے سکردو میں جلسے سے خطاب میں کہا مہنگائی کے سونامی میں ہر شخص ڈوب رہا ہے۔ عام آدمی جائے تو کہاں جائے۔ گلگت بلتستان میں بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ اس علاقے کو اگر حقوق ملے ہیں تو پیپلزپارٹی کی وجہ سے ملے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔ ہمارا مقصد یہاں کے عوام کو حق ملکیت دلوانا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے بہت سے علاقوں کا دورہ کرچکا ہوں اور ہر جگہ نظر آرہا ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ گانچھے اور گھرمنگ میں عوام نے بتا دیا بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ ہم سے شہید بھٹو، شہید شاہنواز، میر مرتضیٰ اور شہید رانی کو چھینا گیا۔ جب بینظیر بھٹو الیکشن جیتیں تو گلگت بلتستان میں بجلی کا بحران تھا۔ ہم اپنے سارے جیالوں اور عہدیداروں کو یاد کرتے ہیں۔ ہم امید کی جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا میں کوئی کھلاڑی نہیں جو اپنے وعدے سے یوٹرن لے لے۔ ہماری محنت کا دارومدار 15 نومبر پر ہے۔ ہم نے پیپلزپارٹی کو 15 نومبر کو واضح کامیابی دلانا ہے۔ مجھے الیکشن میں دو تہائی اکثریت چاہئے ہے۔ ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ گلگت بلتستان کو آپ کو صوبہ بنانا پڑے گا۔ آپ مجھے دوتہائی اکثریت دلائیں گے تو میں آپ کو حق ملکیت دوں گا۔ میں گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی اپنی زمین کا مالک بنا کر رہوں گا۔