Monday, May 13, 2024

عمران خان کے خلاف جمع ہونے والی اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کےخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں ، فواد چودھری

عمران خان کے خلاف جمع ہونے والی اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کےخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں ، فواد چودھری
April 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے عمران خان کے خلاف جمع ہونے والی اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کےخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری لاہور میں منیر احمد خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں بولے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنی بچگانہ سیاست کے باعث سکڑ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہو گئی ہے۔ دونوں جماعتیں نا بالغوں کے ہاتھ میں ہیں۔ پہلے سب عمران خان کے خلاف تھے اب آپس میں صف آرا ہیں۔. اپوزیشن اور حکومت دونوں چاہتے ہیں اصلاحات ہوں تو پھر ناراضگی کس بات کی۔ ہر وقت مقدمات پر بات نہیں کر سکتے۔ اپوزیشن آگے بڑھے اور انتخابی اصلاحات پر بات کرے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ہم اگلا الیکشن الیکٹرونک مشین کے تحت کروانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن عمران خان فوبیا سے باہر نکلے۔ اپوزیشن نے تیس مار خان بھر کر دیکھ لیا عمران خان کو نہیں ہٹا سکی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا لاہور اور کراچی میں کچڑے کے ڈھیر ہیں، سمجھ نہیں آتی کہ حکومتیں کوڑے سے بجلی بنانے کا منصوبہ کیوں نہیں لاتیں۔ ہر کام وزیر اعظم نے نہیں کرنا۔ بیوروکریسی کو پیغام ہے کہ وہ کام کریں ورنہ گھر جائیں۔

فواد چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا جس طرح نواز شریف علاج کے نام پر باہر چلے گئے کہیں مریم کے لئے بھی اسی طرح کی کمیٹی نہ بن جائے۔