Sunday, April 28, 2024

عمران خان کے حکم پر نیب نے شہباز شریف کے گھر کے سامنے سرکس لگایا، مریم اورنگزیب

عمران خان کے حکم پر نیب نے شہباز شریف کے گھر کے سامنے سرکس لگایا، مریم اورنگزیب
June 2, 2020
لاہور (92 نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کہتی ہیں شہباز شریف نے نیب آفس جانا تھا، عمران خان کے حکم پر نیب نے شہباز شریف کے گھر کے سامنے سرکس لگایا۔ پاکستان کی عوام یہ سرکس کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چینی چوروں کو گرفتار کیوں نہیں کیا جا رہا۔ ترجمان  نون لیگ مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں کل درخواست کی تھی، شہباز شریف کی جب ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر ہوئی تو وہ جا رہے تھے، نیب کو جواب دے دیا گیا تھا، شہباز شریف 132 دن نیب کی حراست میں رہے، ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور ن لیگی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ سب کے سامنے عیاں ہے، گزشتہ اڑھائی سال سے یہ نوٹنکی جا رہی ہے، کہا جاتا ہے کہ فرانزک ہو رہا ہے، سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب کی جتنی کارروائیاں ہیں یہ بدنیتی پر مبنی ہیں، نیب کان کھول کے سن لے کہ اگر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا تو پوری پاکستانی قوم بنی گالا کارخ کرے گی، ، مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کے سامنے عیاں ہو چکا ہے، نیب کو لاہور ہائی کورٹ پٹیشن کا بتا دیا گیا تھا، پہلے نیب وارنٹ کے ساتھ آئی، ہم نے سرچ وارنٹ کا کہا تو کہنے لگے کہ ہمیں حکم ہے، جب اتنے عرصے میں یہ ایک پائی کا الزام ثابت نہیں کرسکے تو ہم نے کہا کہ لے لیں تلاشی، ماڈل ٹاؤن میں اس وقت کرفیو نافذ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ کورونا کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا، لیکن یہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے ہے، ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، موٹرویز بنائیں، میٹرو بنائیں، وہ بھاگنے والے نہیں، کل عدالت میں پٹیشن ہے، کل ہم عدالت میں حاضر ہوں گے۔