Thursday, April 25, 2024

عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد

عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد
July 9, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف نے عمران خان کے اثاثوں کی تفصیل ویب سائٹ پر جاری کر دی۔  عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اثاثوں میں 23 لاکھ 2 ہزار روپے کی کمی ہوئی۔ عمران خان نے 168 ایکڑ زرعی اراضی پر 2017 میں 3 لاکھ 19 ہزار روپے کا زرعی ٹیکس ادا کیا۔ عمران خان نے 2017 کی سالانہ آمدن 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے ظاہر کی۔ سالانہ آمدن پر 1 لاکھ 3763 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ عمران خان نے زیر کفالت افراد میں بشرٰی بی بی، قاسم خان اور سلیمان خان کو ظاہر کیا ہے۔ عمران خان نے بنی گالہ جائیداد 1 کروڑ 14 لاکھ 71 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔ عمران خان کے پاس بنی گالہ میں ہی 6 کنال کی اراضی کی مالیت 50 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔ عمران خان نے گرینڈ حیات پلازہ میں 2 بیڈ کا فلیٹ ظاہر کیا جس کی مالیت 1 کروڑ 19 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔ عمران خان کی ملکیت میں ایک بھی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔ عمران خان کے پاس 2 لاکھ روپے کے مویشی اور 5 لاکھ کا فرنیچر ہے۔