Sunday, September 8, 2024

عمران خان کیخلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا: سیکرٹری الیکشن کمیشن

عمران خان کیخلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا: سیکرٹری الیکشن کمیشن
August 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا۔ الیکشن ٹربیونل کے ججز کو توسیع دینے کا فیصلہ 22جون کو ہوچکا تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن نے کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا۔ اگر ایساکوئی معاملہ ہوتا تو ان کے علم میں ضرور ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب میں ترقیاتی فنڈز کے اجرا کے معاملہ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر یہ فنڈز معمول سے ہٹ کر جاری کئے گئے تو الیکشن کمیشن کاروائی کرے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انتخابی عذرداریاں سننے کیلئے قائم ٹربیونلز کو ختم کرنے کا فیصلہ 22 جون کو ہو چکا تھا۔ سندھ، پنجاب اور کے پی کے میں متعلقہ ہائیکورٹس کو 19اگست کو خط بھی لکھ دیا گیا تھا۔ متعلقہ ہائیکورٹس کے رجسٹرارز سے کہا ہے کہ انتخابی عذرداریوں کی سماعت حاضر سروس ججز کے سپرد کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 17، سندھ میں 4، بلوچستان میں 2اور خیبرپختونخوا میں ایک انتخابی عذر داری زیر سماعت ہے جبکہ بلوچستان کی انتخابی عذر داریاں پہلے ہی حاضر سروس ججز سن رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کر دیں ہیں جبکہ الیکشن کمیشن جلد تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا،سول سوسائٹی اور ڈونرز کے ساتھ وسیع پیمانے پر مشاورتی سلسلہ شروع کرنے جا رہا ہے تاکہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں انتخابی عمل میں اصلاحات کی جاسکیں۔ بابر فتح یعقوب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 5 سو 30منتخب بلدیاتی نمائندہ نے حلف اٹھایا ہے۔ اتوار کے روز ضلع کونسلز کے 23ناظمین اور نائب ناظمین،68 تحصیل کونسل کے ناظم اور نائب ناظمین سمیت ٹاﺅن کونسلز کے 4 ناظم حلف اٹھائیں گے۔