Friday, May 3, 2024

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس
May 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس ہوا ،ترجمان کے مطابق اجلاس میں پانامامقدمےکو طوالت کا شکار کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ نواز شریف محض دوسوالوں کا جواب دیں مقدمہ حل ہوجائے گا، نواز شریف بتائیں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کن ذرائع سے خریدے گئے ؟،بچوں کے16 اکاؤنٹس میں 300 ارب کہاں سے آئے۔ اجلاس میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ، سستی روٹی اسکیم، میٹرو اوراورنج ٹرین سمیت56 کمپنیوں کے معاملات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی 100 ایام کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی ۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے اس لئے شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ،اسد عمر، شیریں مزاری سمیت سینئر قائدین کو ایجنڈے کی تفصیل عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے تجویز کردہ نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی، ڈاکٹر عشرت حسین اور عبدالرزاق داؤد بہترین انتخاب ہیں، انہی ناموں میں سے کسی ایک کو نگران حکومت کا سربراہ مقرر کیا جانا چاہئے ۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ٹکٹوں کے فیصلوں اور اجراء پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا گیا، چیئرمین کی جانب سے پرویز خٹک اور ان کی کابینہ کو خصوصی خراج تحسین پیش کی گئی ۔