Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم کی روسی وزیر خارجہ سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم کی روسی وزیر خارجہ سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
September 26, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے روس کے وزیر خارجہ سرگئ لاواروف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فریقین نے پاک روس دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئ لاواروف کا کہنا تھا پاکستان اور روس مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر پہلے سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ روس نے گذشتہ ماہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے انعقاد کی مخالفت نہیں کی- وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورتحال سے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے جا پابندیاں ختم کروانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہو گا۔ ہندوستان دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کے جھوٹے الزامات لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ فریقین نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔