Wednesday, May 1, 2024

عمران خان کی حکومت میں مافیا مال بنارہاہے ، شہباز شریف

عمران خان کی حکومت میں مافیا مال بنارہاہے ، شہباز شریف
February 2, 2020
لندن ( 92 نیوز) مسلم لیگ نون نے حکومت پر الزامات کی بارش کردی، شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مافیا مال بنا رہا ہے۔سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ  عمران خان بتائیں عوام کے 40ارب روپے کس کی جیب میں گئے  ۔رانا تنویر نے مارچ سے پہلے حکومت مخالف مارچ کی پیش گوئی کردی۔ آٹے کے بحران اور مہنگائی  میں اضافے پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کا سخت رد عمل سامنے آ گیا ، شہبازشریف کا کہنا ہے حکومتی پالیسیوں کے باعث عام آدمی کا گزر بسر بھی مشکل ہو گیا عمران خان کی حکومت میں مافیا فوائد حاصل کررہا ہے۔ لیگی رہنما اور سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے وفاقی حکومت پر الزامات کی بارش کردی ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا عمران خان بتائیں غریب کی جیب سے نکلا40ارب کس کی جیب میں گیا۔ زبیرعمر نے وزیراعظم کو مخاطب کرتےہوئے کہا۔خان صاحب !آپ نے بحران پیدا کئے اور پیسے بنائے، اتنی بڑی کابینہ اور ادارے ہونے کے باوجود جہانگیر ترین فیصلہ کر رہے ہیں۔عمران خان کو مافیا کا علم ہے تو ایکشن کیوں نہیں لیتے ۔ اُدھر لیگی رہنما  رانا تنویر  نے  مارچ سے پہلے  حکومت مخالف مارچ کا عندیہ دے دیا، مرید کے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا نڈر وزیر اعظم میں مہنگائی کے ذمہ داروں کا نام لینے کی جرات نہیں۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملکی معیشت اور سیاست تباہ کر دی۔حکمران عوام کے لئے نہیں آئی ایم ایف کے لیے کام کررہے ہیں ۔