Thursday, May 9, 2024

عمران خان کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

عمران خان کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو
September 23, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور برطانوی ہم منصب بورس جانسن  میں نیو یارک میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم  عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک میں موجود ہیں جبکہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی اسی سلسلے میں  نیو یارک میں موجود ہیں ۔ دونوں رہنماؤں نے ناشتے کی ٹیبل پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے  برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا۔ کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے میں مصروف  عمران خان آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے  آج ملاقات کریں گے  جبکہ ان کی  ترکی اور  سوئٹزرلینڈ کے صدور اور اطالوی ہم منصب سے بھی ملاقاتیں ہونگی  ۔ وزیر اعظم کی آج چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ اہم ملاقات طے ہے۔ وہ سوئٹزرلینڈ کے صدر یولی مورر سے بھی ملیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی اطالوی وزیر اعظم جوزیپے کونٹے سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ روز  وزیر اعظم عمران خان نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد ،سینیٹر لنزے گراہم اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو سے اہم ملاقاتیں کیں۔