Tuesday, April 23, 2024

عمران خان کہیں نہیں جا رہا، جن کا خیال ہے ہاتھ ہٹ گیا ہے وہ غلط ہیں، شیخ رشید

عمران خان کہیں نہیں جا رہا، جن کا خیال ہے ہاتھ ہٹ گیا ہے وہ غلط ہیں، شیخ رشید
December 26, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے عمران خان کہیں نہیں جا رہا۔ جن کا خیال ہے ہاتھ ہٹ گیا ہے وہ غلط ہیں۔

 شیخ رشید احمد نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہا ہے ۔ شہباز شریف نے کہا ہے ہمارا ہاتھ ہو گا اور انکے گریبان ہونگے ۔ شہباز شریف اپنی شکل دیکھو ، دنیا میں ان سے زیادہ کوئی کرپٹ نہیں۔ دنیا جانتی ہے نواز شریف اور آصف علی زرداری کرپٹ ترین لوگ ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا نواز شریف صحت مند ہیں، صرف ایک ڈرامہ رچایا ہوا ہے۔ انہوں نے نوازشریف کو واپسی کے لیے اپنی جیب سے ٹکٹ دینے کی آفر بھی کر دی اور کہا میں نواز شریف کو چوبیس گھنٹے میں ملک میں آنے کے لئے ویزا دونگا۔

شیخ رشید احمد بولے مہنگائی کا قصوروار لوگ ہمیں ٹہرا رہے ہیں۔ مہنگائی کی ذمہ دار ماضی حکومتیں ہیں۔ طالبان کی ہم مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ طالبان نے ہمیں یہ یقین دلایا ہے کہ وہ سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال ہونے نہیں دینگے۔