Friday, May 17, 2024

عمران خان کہیں نہیں جا رہا، اپوزیشن نے ناکام جلسے کیے، شیخ رشید

عمران خان کہیں نہیں جا رہا، اپوزیشن نے ناکام جلسے کیے، شیخ رشید
December 3, 2020

 کوئٹہ (92 نیوز) وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اِن جلسوں سے عمران خان کہیں نہیں جا رہا، اپوزیشن نے ناکام جلسے کیے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آپ نے پاک فوج کیخلاف جو بیانیہ شروع کیا ہے، آپ کو منہ سے گانٹھیں کھولنی پڑیں گی، یہ ووٹر کو کورونا میں دھکا دے رہے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، ووٹر کو کہتے ہیں کورونا میں دھکا دو، لوگوں سے کہتا ہوں کہ سیاسی تدبر کا مظاہرہ کریں۔ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، چودھری برادران شہباز شریف سے تعزیت کے لیے گئے تھے۔ اپوزیشن سے کہتا ہوں سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ میں اسرائیل کا نام نہیں، دنیا میں جو حالات ہیں 2021 میں چھوٹی موٹی جنگ ہو سکتی ہے۔ فوج پاکستان کا عظیم ادارہ ہے، اللہ کو پتہ ہے کہ لندن کی سیاست کا کیا نتیجہ نکلے گا، عالمی دنیا میں بہت سے بحران چل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چمن ایکسپریس کو نجی شعبے کے حوالے کرنے جا رہے ہیں، چمن سے سپن بولدک تک ریلوے ٹریک بچھا رہے ہیں۔ گریڈ 1 سے 4 تک کے تمام پنشنرز کے واجبات ادا کر دیے گئے ہیں۔ ، قاسم سوری بہترین سپیکر ہیں، انہوں نے جیسے ایوان چلایا قابل تعریف ہے۔

اِدھر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا کریڈٹ شیخ رشید کو جاتا ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی طرز پر کوئٹہ میں بھی لوکل ٹرین چلائی جائے، لوکل ٹرین چلنے سے غریب آدمی کو سستی سفری سہولت ملے گی۔