Saturday, May 18, 2024

عمران خان کہتے ہیں کہ ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلایا جائے

عمران خان کہتے ہیں کہ ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلایا جائے
August 23, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلایا جائے ۔ وزیراعظم امریکہ کو واضح پیغام دیں ۔ قوم اکٹھی ہو کر جواب دے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ امریکی صدر بھارت کی زبان بول رہا ہے پاکستان کو امریکی جنگ میں نہیں جانا چاہیے تھا ڈیڑھ لاکھ نیٹو فوجی افغانستان میں کچھ نہیں کر سکے ۔

امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں ۔حکومت کی طرف سے تو جواب نہ آیا لیکن کپتان خوب بولے اور سخت ردعمل دیا ۔ کپتان نے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے اور پوری قوم کو یک جان ہوکر جواب دینے کا تو کہا ہی تاہم وزیراعظم کو بھی امریکہ کو واضح پیغام دینے کا کہا۔

کپتان نے واضح کہا کہ امریکی صدر بھارتی زبان بول رہا ہے ۔ڈیڑھ لاکھ نیٹو فورس افغانستان میں کچھ نہیں کر سکی ۔ چند ہزار مزید کیا کریں گے ۔

عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں ستر ہزار سے زائد قربانیاں دیں ۔ سراہنے کی بجائے ٹرمپ پاکستان کو قصور وار ٹھہرا رہا ہے۔

کپتان نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت ڈری ہوئی ہے اس لئے آرمی چیف کو امریکہ کو جواب دینا پڑا۔ اس اہم مسئلے پر سول اور ملٹری قیادت کو ایک پیج پر آنا چاہیے۔

عمران خان نے واضح کہا وہ ٹرمپ کی دھمکیوں کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ۔ دہشت گردی کی جنگ میں بھارت کا کوئی کردار نہیں ۔حیرت ہے کہ بھارت کی تعریفیں کی جا رہی ہیں ۔ امریکہ یاد رکھے کہ پاکستانی حکومت،فوج اور قوم متحد ہے اُسے موثر جواب ملے گا۔