Sunday, September 8, 2024

عمران خان کہتے ہیں کہ اسحاق ڈار کو ریفرنس دائر ہونے کے بعد مستعفی ہو جانا چاہیئے

عمران خان کہتے ہیں کہ اسحاق ڈار کو ریفرنس دائر ہونے کے بعد مستعفی ہو جانا چاہیئے
September 7, 2017

 اسلام آباد (92 نیوز) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پاکستان کی تاریخ میں موجودہ اقتصادی حالت بدترین ہے۔ اتنا نقصان دشمن نے ملک کو نہیں پہنچایا جتنا ن لیگ حکومت نے پہنچایا ہے۔ انکا کہنا تھا اسحاق ڈار کو ریفرنس دائر ہونے کے بعد مستعفی ہو جانا چاہیئے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ن لیگ حکومت کی چار سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا۔

انکا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں اقتصادی حالت بد ترین ہے۔ اتنا نقصان دشمن نے ملک کو نہیں پہنچایا جتنا موجودہ حکومت نے پہنچایا۔ ملک قرضوں کے جال میں ہے ۔ برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔ زراعت کا حال برا ہے بجلی کی قیمت میں ڈبل اضافہ کر دیا گیا ہے۔ غربت بڑھ رہی ہے۔ عوام پس رہے ہیں ۔ کرپشن سے ملک کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔

عمران خان نے ایک سوال پر واضح کیا کہ انہوں نے بی بی سی کے انٹرویو میں کے پی کے حکومت کی چار سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا ناکامی کی بات نہیں کی ۔ لیکن انٹرویو توڑ موڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ملکی اقتصادی ترقی کا جھوٹا دعوٰی کیا۔ میگا کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے من پسند شخص کو چئیرمین نیب بنایا گیا ۔ ملتان میٹرو میں دو ارب کی کرپشن کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ سی پیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے ملکی حالت کو درست کیا جائے ۔