Sunday, May 5, 2024

عمران خان کو عدالت نے رعایت دی، یہ تاثرکیوں دے رہے ہیں؟ چیف جسٹس

عمران خان کو عدالت نے رعایت دی، یہ تاثرکیوں دے رہے ہیں؟ چیف جسٹس
May 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) بنی گالہ غیر قانونی تعمیرات کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ تاثر کیوں دیا جا رہا ہے کہ عدالت نے عمران خان کو گھر کی غیر قانونی تعمیر پر رعایت دی ، عمران خان سپریم کورٹ کا لاڈلا نہیں۔ سپریم کورٹ میں بنی گالہ غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیرکیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے کہا بنی گالہ میں بڑی تعداد میں تعمیرات ہو چکیں۔ تعمیرات ریگولر کرنے کا فیصلہ کس کا تھا؟؟عمران کو کیا رعایت دی جو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ عدالت ان کے ساتھ خاص سلوک کر رہی ہے۔ وہ عدالت کے لاڈلے نہیں۔ مریم اورنگزیب اس حوالے سے بیانات کیوں دیتی ہیں ، انہیں بلا کر ویڈیو دکھا دیتے ہیں۔ اس پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ گھر کی جو دستاویزات پیش کیں ان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی حکومت نے کرنا ہوتی ہے، حکومت خود کارروائی نہ کرے تو ہم کیا کرسکتے ہیں، بار بار یہ تاثر کیوں دیا جا رہا ہے کہ عدالت عمران خان کے ساتھ کوئی خاص سلوک کر رہی ہے۔ عدالت نے بنی گالا تعمیرات کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔