Friday, April 19, 2024

عمران خان کو اقتدار کے لیے شیطان سےبھی اتحاد کرنا پڑا تو کرلیں گئے، سعدرفیق

عمران خان کو اقتدار کے لیے شیطان سےبھی اتحاد کرنا پڑا تو کرلیں گئے، سعدرفیق
November 24, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو ڈیموکریسی کی سپیلنگ تک نہیں آتی، اگر خان صاحب کو اقتدار لینے کے لیے شیطان سے اتحاد کرنا پڑاتو بھی کر لیں گئے۔ انہوں نے کہا اگر عام انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو اس کی ذمہ داری آصف زرداری اور پیپلز پارٹی پر عائد ہوگی۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں، ہم نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور کروالی ہے جب کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر عام انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے تو اس کی ذمہ داری آصف زرداری اور پیپلز پارٹی پر عائد ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کی منظوری موخر ہوئی تو بھی اس کے ذمہ دار آصف زرداری ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم میں صرف ہمارا نہیں تمام جماعتوں کا مفاد ہے، ہم جو قانون لائے ہیں یہ ہی بھٹو کا قانون ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سیاسی جماعت کا فیصلہ کون کرے گا اس کا فیصلہ سیاسی کارکن ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر کرپشن اور غداری کے الزامات لگائے گئے لیکن یہ الزامات نئے نہیں ہیں بلکہ کھلاڑی نہیں ہوتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان قابل رحم شخص ہیں، وہ ہر جگہ پروپیگنڈا کرتے اور گالیاں دیتے پھرتے ہیں۔

خواخہ سعد رفیق نے کہا کہ پاناما کیس سے عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ اقتدار حاصل کر لیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اقتدار کے لیے عمران خان کو شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑے تو وہ کر لیں گے۔