Friday, May 10, 2024

عمران خان کسی سے بلیک میل ہونگے نہ جہانگیرترین سے کوئی خطرہ ہے، شاہ محمود

عمران خان کسی سے بلیک میل ہونگے نہ جہانگیرترین سے کوئی خطرہ ہے، شاہ محمود
April 10, 2021

ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ، عمران خان کسی سے بلیک میل ہوں گے نہ جہانگیرترین سے کوئی خطرہ ہے۔

ہفتہ کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، عمران خان کا کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں، وہ کرپشن کے تدارک کے نظریے پر قائم ہیں۔ 17 شوگر ملوں کو نوٹسز بھیجے گئے ہیں، صرف ترین صاحب کو نوٹس نہیں ِبھیجا گیا، جہانگیرترین کو تشویش ہے تو عمران خان سے ملیں،، انکو خندہ پیشانی سے سنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کنٹرول کرنا ہے۔ حکومت کو مافیاز کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، ہم ذخیرہ اندوزوں اورسٹہ بازوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ روپیہ مستحکم ہونا شروع ہوگیا ہے، ملتان کے سیکرٹریٹ کیلئے جو فنڈز درکار تھے اس کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔ بجٹ میں جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا، پنجاب کابینہ کا اگلا اجلاس ملتان میں منعقد کیا جائے گا، جنوبی پنجاب میں ڈویژنل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو لوگوں کے گورننس کے ایشو حل کریں گی۔ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا پی سی ون ہو گیا ہے، جبکہ فنڈز بھی ریلیز ہو گئے ہیں۔ 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال ولایت آباد میں بنایا جائے گا۔

وزیر خارجہ بولے کہ، ایک دہائی کے بعد روس کے وزیر خارجہ اسلام آباد تشریف لائے، ہم نے روس سے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، اسی سال ماسکو میں تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے میٹنگ ہو گی۔ مزید کہا کہ روسی وزیر خارجہ نے دفاعی تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ روس پاکستان ریلوے اور انرحی سیکٹر میں بہتری کے لئے بھی تعاون کرے گا۔ افغانستان کے معاملہ پر بھی روس سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ، بھارت کے ساتھ کشمیر، سیاچن اور پانی سمیت کئی مسئلے ہیں، ہندوستان کے ساتھ مسائل کا حل جنگ نہیں، گفت و شنید سے ہی مسئلے حل ہوں گے۔ دو ایٹمی قوتیں جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتیں، بھارت سے مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے۔ کشمیر میں بھارتی فوج ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، بھارت سے سیز فائر معاہدے کا فائدہ کشمیریوں کو ہوا، ہم بھارت سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں، تاہم کشمیر کا سودا نہیں ہو گا۔ مودی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو دبانا چاہتا تھا، کشمیریوں کو کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔