Sunday, September 8, 2024

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنرکو خط ، معلومات تک رسائی کا حق دینے کا مطالبہ

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنرکو خط ، معلومات تک رسائی کا حق دینے کا مطالبہ
January 11, 2016
اسلام آباد(92نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے  چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان  کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن سے معلومات تک رسائی کا حق دینے کا مطالبہ کیا ہے الیکشن کمیشن نے خط موصول ہوتے ہی اسے این اے 122 ووٹ منتقلی کیس کا حصہ بنا لیا ۔ تفصیلات کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت کے مستقبل کا انحصار شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن پر ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل انیس اے کو آئین پاکستان کا حصہ بنا کر شہریوں کو معلومات تک رسائی کا حق فراہم کیا گیا،  چیف الیکشن کمشنر پر لازم ہے کہ  کمیشن کی سرگرمیوں کو عوام سے خفیہ رکھ کر الیکشن کمیشن کی ساکھ تباہ کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ  مئی 2013 سے اب تک این اے 122 میں تیس ہزار سے زائد ووٹوں کو ووٹر لسٹ سے خارج یا اس میں شامل کیا گیا،  1974 کے الیکٹورل رولز ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن ہی شفاف ووٹر لسٹوں کی تیاری کا ذمہ دار ہے، اس لئے  الیکشن کمیشن کے بعض افسران کا یہ دعویٰ کہ نادرا کی جانب سے ووٹر لسٹ میں ردوبدل کیا گیا سمجھ سے بالا تر ہے۔ خط میں تحریک انصاف کے  سربراہ کا موقف ہے کہ  ووٹر لسٹ میں  تبدیلیوں کے جائزے  اور  دستاویزی ریکارڈ کے حصول کیلئے علیم خان کی درخواست گزشتہ برس نومبر سے زیر التواء ہے، ایاز صادق علیم خان کی اس درخواست کی مخالفت میں مسلسل سرگرم ہیں، ایسے میں  الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملات کو خفیہ رکھنے پر اصرار سمجھ سے بالا تر ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ  الیکشن کمیشن آرٹیکل انیس اے کی روح پر عمل کرے اور  تحریک انصاف کو مطلوبہ معلومات فوری طور پر فراہم کرئےعمران خان کے خط کے جواب میں الیکشن کمیشن نے 19 جنوری کو ہونے والی اگلی سماعت پر کارروائی خط کی روشنی میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔