Thursday, April 18, 2024

عمران خان کا وعدہ نوکریاں اور گھر دینا تھا، بلاول بھٹو

عمران خان کا وعدہ نوکریاں اور گھر دینا تھا، بلاول بھٹو
February 4, 2020
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بولے کہ عمران خان کا وعدہ نوکریاں اور گھر دینا تھا، مگر کٹھ پتلی حکومت نے روزگار چھینا اور گھر گرائے ہیں، ان کے معاشی منصوبےعوام کا معاشی قتل ہیں، کراچی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کیا کہنا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اربن فاریسٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں ہم لیاری میں پھر سے تاریخ بنارہے ہیں، ملکی جدوجہد میں لیاری کا اپنا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملکی تاریخ کا نیا منصوبہ شروع کر رہی ہے، ہم اربن فاریسٹ منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں جو ملک کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کہتے ہیں کہ ہم اس منصوبے میں کھیلوں کے گراؤنڈ بھی شامل کریں گے، چاہتے ہیں نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں ملیں، لیاری کے بچے ہر کھیل میں سب سے آگے ہوتے ہیں۔ میں سندھ حکومت سے درخواست کروں گا لیاری کے نوجوانوں کوان کا پیپلزاسٹیڈیم واپس کیا جائے۔ بلاول بھٹو بولے کہ ہمارا پیپلزاربن فاریسٹ منصوبہ تبھی کامیاب ہوگا جب آپ اس میں ساتھ دیں گے، سندھ حکومت سازشوں کے باوجود ہم صوبے میں ترقی کیلئے پورا زور لگارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کم وسائل سے زیادہ محنت سے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں زیادہ کام کر رہی ہے، ہم سب مل کر سندھ کو اس کا حصہ دلوائیں گے، سندھ کے عوام کے معاشی حقوق وفاقی حکومت چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔