Friday, April 19, 2024

عمران خان کا وزیر اعظم رہنا جمہوریت اور معیشت کیلئے خطرہ، بلاول

عمران خان کا وزیر اعظم رہنا جمہوریت اور معیشت کیلئے خطرہ، بلاول
July 13, 2020
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت پر تنقیدی تیروں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا وزیر اعظم رہنا جمہوریت اور معیشت کیلئے خطرہ ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ بلاول بھٹو زردار ی پریس کانفرنس میں بولے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر پالیسی کو نقصان پہنچایا، کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا، وزیر اعظم تو کہتے تھے مودی وزیراعظم بن گیا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائےگا، پیپلزپارٹی نے پہلے دن سے ہی مودی کی مخالفت کی اور کرتی رہے گی۔ ہر فورم پر شہید ذوالفقار بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، بےنظیر بھٹو نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز اٹھائی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن کے ریکارڈ توڑ رہی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہتی ہے عمران خان کی حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی، پورا پنجاب کرپشن سے چل رہا ہے، انہوں  نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کورونا کے حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹنگ کم کر رہی ہے۔ سندھ حکومت نے کورونا سے متاثر کاروبار کی بحالی کی لیے قرضہ اسکیم شروع کی ہے۔ کورونا سے انتقال کرنے والے خاندان کے کفیل کی مالی مدد سندھ حکومت کرے گی۔ وفاقی حکومت کو پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کرکے لوگوں کی زندگی بچانے پر توجہ دینی چاہیےتھی سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کم وسائل کے باوجود عوام کی مشکلات کم کی جا رہی ہیں۔ کورونا وائرس کا مفت علاج سندھ حکومت کرائے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف عالمی وباء کا مقابلہ کر رہے ہیں تو دوسری طرف ٹڈی دل کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ سیاسی انجینئرنگ بھی شروع کردی گئی ہے، این ایف سی پر ہم اپنا کیس لڑنے کو تیار ہیں۔ اختیارات کی منتقلی کے بعد سندھ حکومت نے زیادہ محصولات جمع کیے۔ یہ لوگ این ایف سی پر حملہ کرکے ہم سے مالی وسائل لینا چاہتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ٹیکس ٹو جی ڈی پی اہداف کو پورا نہیں کرسکی، پی ٹی آئی نے کرپشن کا ڈرامہ رچایا ہوا ہے، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ کرپٹ حکومت پی ٹی آئی کی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہتی ہے کہ پی ٹی آئی دور میں کرپشن بڑھ گئی۔ برطانوی شہری وزیراعظم کا معاون خصوصی ہے، نیب کا سر سے پائوں تک کا ڈرامہ ہے، پولیو، حج، پی آئی اے میں کرپشن ہے، جہانگیر ترین لندن میں چھپا بیٹھا ہے، جعلی ڈگری والے وزیر نے پی آئی اے کو بٹھا دیا، بی آر ٹی پشاور کرپشن کا سفید ہاتھی ہے، بی آر ٹی پر اسٹے آرڈر یہ کیسا دوہرا نظام ہے، سندھ کا وزیراعلیٰ آئے روز پیشی پر بلایا جاتا ہے، اگر دوہرا نظام نہیں تو بی آرٹی پر اسٹے ہٹائو۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ سندھ میں ہر دوسرے بندے کو زرداری کا فرنٹ مین بنا دیا جاتا ہے، بنی گالہ سےبجلی جاتی نہیں کراچی میں بجلی آتی نہیں۔