Monday, May 6, 2024

عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے ، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے ، بلاول بھٹو زرداری
October 20, 2018
کراچی ( 92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو حکومت پر برس پڑے ، ان کا کہنا ہے کہ  عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، حکومت کی معاشی پالیسی کی کوئی سمت ہی نظر نہیں آ رہی ، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا اعلان کرنے والے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لے رہے ہیں، یہ کیسی حکومت ہے کہ معاشی پالیسی دینے کے بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہا ہم نے اپنے دور میں بدترین مالی مشکلات کا سامنا کیا ، ہم نے معاشی زبوں  حالی کے باوجود عوام کو مہنگائی سے محفوظ رکھا،  ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں تیل 148 ڈالر فی بیرل تھا لیکن ہم نے قیمتیں نہیں بڑھائیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت نے دن بدن مہنگائی کر کے غریب عوام کاجینا اجیرن کر دیا ہے،  عوام کو رلیف دینے کا وعدہ کرنے والے غریب سے جینے کا حق تک چھین رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی گروتھ چار فیصد اور مہنگائی کی شرح 14 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے ،  اگر بہتر معاشی پالیسی نہ دی گئی تو عام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کا حصول ممکن نہیں رہے گا ، مہنگائی کر کے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کئے جا رہے ہیں،50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے غریبوں سے چھت تک چھین رہے ہیں۔