Sunday, September 8, 2024

عمران خان کا نوازشریف کو انتخاب لڑنے کا چیلنج دینا احمقانہ ہے: خواجہ آصف

عمران خان کا نوازشریف کو انتخاب لڑنے کا چیلنج دینا احمقانہ ہے: خواجہ آصف
August 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) مسلم لیگ (ن) کی تین وکٹیں گرنے کے بعد سیاسی درجہ حرارت میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔ بیان بازی کے بعد ایک دوسرے کو چیلنج دینے کا کھیل بھی شروع ہو گیا ہے۔ خواجہ آصف کہتے ہیں کہ عمران خان کا وزیراعظم نوازشریف کو انتخاب لڑنے کا چیلنج دینا احمقانہ ہے۔ ضمنی الیکشن کا سیاسی اکھاڑہ تو جب سجے گا لیکن سیاسی پہلوانوں کی جانب سے ایک دوسرے پر جملے بازی کا بازار گرم ہوگیا ہے۔ تازہ ترین لفظی حملہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے کیا گیا ہے انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ عمران خان بزدل نہ بنیں، این اے 122 سے الیکشن میں حصہ لیں۔ اس سے پہلے بھی مسلم لیگ (ن) کئی بار کپتان کو خود میدان میں آنے کا چیلنج دے چکی ہے۔ عمران کب پیچھے رہنے والے تھے، فوری ردعمل دیا اور ن کے کپتان وزیراعظم میاں نواز شریف کو ہی چیلنج کر دیا۔ عمران نے نواز شریف کو چیلنج کیا اور ان کی اہلیہ بھی میدان میں آئیں اور ٹویٹ کیا آو دیکھیں ذرا کس میں کتنا ہے دم۔ اس ساری گرما گرمی کا فائدہ اٹھایا شیخ رشید نے اور خود این اے 125 میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔