Saturday, May 11, 2024

عمران خان کا دماغی اور ڈوپ ٹیسٹ ہونا چاہیے: جاوید ہاشمی

عمران خان کا دماغی اور ڈوپ ٹیسٹ ہونا چاہیے: جاوید ہاشمی
January 1, 2017

ملتان (92نیوز) جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کو دلیل سے بات کرنی چاہئے۔ پی ٹی آئی کا میڈیا سیل دو سال انہیں گالیان دیتا رہا اب عمران خود میدان میں آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا میرادماغ خراب ہے تو عمران خان بھی اپناخیال رکھیں۔ ان کی اور عمران خان کی عمر میں صرف ڈیڑھ سال کا فرق ہے۔

انہوں نے کہا عمران خان اور ان کا دماغی ٹیسٹ ہونا چاہیے بلکہ عمران خان کاڈوپ ٹیسٹ بھی ہوناچاہئے۔ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے کم از کم قوم کی عمران خان سے جان تو چھوٹ جائے گی۔ جاویدہاشمی نے کہا عمران خان ان کے سوالوں کا جواب دیں۔ شریفوں کی سیاست سے 20سال قبل انہوں نے سیاست شروع کی تھی۔

انہوں نے کہا عمران خان نے اسلام آباد دھرناپلس کہا لیکن وہ دھرنا مائنس ہو گیا۔ عمران خان اور مجھے ایک جگہ بٹھائیں، فیصلہ کریں سچ کیا ہے۔ قوم عمران خان کا جھوٹ سن کرسکتےمیں آ جائے گی۔ میرا اس وقت بھی کہنا تھا کہ دھرنا کامیاب نہیں ہو گا۔

جاویدہاشمی نے کہا عمران خان غیرمناسب باتیں کرتے ہیں۔ پارلیمانی پارٹی میں شاہ محمود نے کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی۔ عمران خان نے سیٹیں نہ جیتنے پر فرسٹریٹ ہو کر عوام کو تباہی کے دھانے پر دھکیلا۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ انہوں نے جہانگیر ترین سے کہا کہ انگلی اٹھانے والا امپائر کہاں ہے؟ اسکرپٹ یہ تھا کہ قادری صاحب پہلے جا کر پارلیمنٹ پر قبضہ کرینگے پھر یہ جا کر سیٹ پر بیٹھ جائیں گے۔ جاوید ہاشمی نے کہا جج صاحب نے سپریم کورٹ کی چھٹیاں کیوں کینسل کیں، کیا عذاب آ گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باتوں سے انہیں سخت تکلیف ہوئی ہے۔