Friday, March 29, 2024

عمران خان کا انتونیو گوتیرس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ

عمران خان کا انتونیو گوتیرس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ
December 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس کو ٹیلی فون کیا۔ گفتگو میں وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں 300 معصوم کشمیریوں کو زخمی اور 15 کو قتل کرنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات ناقابل قبول ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صدر راج پہلے سے ہی سنگین صورتحال کیلئے مزید خطرہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت بند کرائیں۔ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے دی اور کہا ہندوستان ایک قدم بڑھائے ہم دو بڑھائیں گے،تعطل اور ہچکچاہٹ ہندوستان کی طرف سے ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی اور مشرقی دونوں سرحدوں پر امن درکار ہے۔ مل بیٹھ کر سوچنے کی ضرورت ہے، کرتار پور راہداری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سکھ برادری کی پرانی خواہش تھی جسے پورا کیا گیا۔