Sunday, May 19, 2024

عمران خان کا 26اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ

عمران خان کا 26اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ
October 16, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں کور گروپ کااجلاس ہوا ۔
تحریک انصاف کے کور گروپ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق عمران خان توہین عدالت کیس میں 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضاکارانہ طورپر پیش ہوں گے ۔ فیصلہ آئین و قانون کے احترام کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری اورالیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی برقراررہے گا اور دھرنے کے دوران عمران خان کےخلاف بننے والے سیاسی مقدمات کو ختم کرانے کے لیے بھی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں تحریک انصاف نے اس موقف کو بھی دہرایا کہ الیکشن کمیشن کا کام انتخابی قوانین پر عملدرآمد اور انتخابات کو شفاف بنانا ہے ۔
پی ٹی آئی کو تحفظات ہیں کہ الیکشن کمیشن عدالتی کمیشن کی نشاندہی کے باوجود 40 نقائص دور کرسکا نہ ہی این اے 120 اور 122 میں حکمران جماعت کی جانب سے قانون شکنی پر کوئی کارروائی کی جاسکی۔
ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری اسلام آباد پولیس کو موصول ہو گئے ۔
خیبرپخونخوا کے کنٹریکٹ ملازمین نے بنی گالہ کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج بھی کیا۔
صورتحال کے پیش نظرپولیس کی نفری طلب کر لی گئی ۔
عمران خان نے مظاہرین کے وفد کو اندر بلا کر مذاکرات کئے ۔ مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔