Saturday, May 11, 2024

عمران خان ڈنڈے کے ذریعے معیشت چلانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

عمران خان ڈنڈے کے ذریعے معیشت چلانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو
January 22, 2021

لاڑکانہ (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ عمران خان ڈنڈے کے ذریعے معیشت چلانا چاہتے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کی شرح افغانستان سے بھی زیادہ ہے۔

اُنہوں نے جمعہ کے روز لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کا انڈسٹری سے ڈیل کرنے کا طریقہ کار سب کے سامنے ہے، دو سال میں پاکستانی معیشت کو جتنا نقصان ہوا وہ تاریخ میں نہیں ہوا۔ ایسا کبھی نہیں ہوا پاکستان کا گروتھ ریٹ بنگلہ دیش سے بھی نیچے چلا جائے۔ 2سال میں معیشت کو جو نقصان ہوا پہلے کبھی نہیں ہوا، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر ابھی تک نہیں دیکھے۔

اُن کا کہنا تھا، عوام کو تاریخی مہنگائی کا بوجھ اس نااہل حکومت کی وجہ سے اٹھاناپڑ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اس حکومت کے خلاف نکلے ہیں۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہم اس ناجائز حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔ ہم ایسی عوامی حکومت چاہتے ہیں جو عوام کی وجہ سے اقتدار میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کی جماعتوں کو منانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہم نے ایوان میں تبدیلی لے کر آنی ہے۔ ہم نے عدم اعتماد اسپیکرقومی اسمبلی اور نالائق وزیراعظم کے خلاف لے کر آنا ہے، جب کٹھ پتلی گھر جائے گا تو عوام کا نمائندہ وزیراعظم بنے گا۔

بلاول بھٹو بولے کہ ہم نے انڈسٹریل اور اکنامک زونز کا سندھ میں سلسلہ شروع کیا جس کا فائدہ ہوا، مقامی انڈسٹری اور بزنسز کو بھی فائدہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ خیرپور اکنامک زونز بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے، آج لاڑکانہ میں انڈسٹریل اور اکنامک زون کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ کچھ سال پہلے یہ منصوبہ صرف کاغذوں پر تھا۔ آج میں نے خود اس منصوبے کا معائنہ کیا ہے، منصوبے میں تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔  ہم نے اپنے صنعتکاروں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا، پیپلزپارٹی کی سوچ موجودہ حکومت سے بالکل الگ ہے، ہم نے سندھ نے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا اور ڈنڈا بھی استعمال نہیں کیا۔ ہم نے جن سے ٹیکس لینا تھا انہیں جرائم پیشہ نہیں سمجھا، انہیں آہستہ آہستہ ٹیکس نیٹ میں لے کر آئے۔

اُن کا کہنا تھا، ہم نے سکھر میں مزدوروں کے لیے گھروں اور فلیٹس کا منصوبہ شروع کیا۔ ہم لاڑکانہ میں بھی گھروں اور فلیٹس کے منصوبوں کا آغاز کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا، زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ہم بزنس کمیونٹی کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو عوام دشمن کے طور پر پیش کیا گیا۔ ہم بزنس مین اور عام عوام کے دوست ہیں اور چاہتے ہیں مل کر کام کریں۔ سندھ حکومت نے مقامی بزنس مین اور صنعتکار کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، انڈسٹریل زون کا فائدہ خاص طور پر لاڑکانہ اور پھر صوبے کے بعد پورے ملک کو ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا، تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا کے دوران سندھ کی عوام کو لاوارث چھوڑا، تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، ہم ہر سطح پر اپنی عوام کے لیے لڑتے رہتے ہیں۔ حکومتی وزراء بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اگر عمران خان کے سامنے کوئی رکاوٹ ہے تو وہ پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ ہیں۔