Friday, April 19, 2024

عمران خان پر برسنےوالےحکومتی رہنماوں کو چپ لگ گئی

عمران خان پر برسنےوالےحکومتی رہنماوں کو چپ لگ گئی
January 20, 2017
اسلام آباد(92نیوز)جذبہ خیر سگالی یا اوپر سے ہدایات ملیں کہ بس اور نہیں ،عمران خان پربرسنے والے حکومتی رہنماؤں کو چپ لگ گئی۔ پانامہ لیکس کیس کی سماعت کے بعد خواجہ سعد رفیق سیاسی جملہ بازیوں کے بجائے اخلاقیات کا درس دیتے رہے۔ تفصیلات کےمطابق جب سے پانامہ کا ہنگامہ شروع ہوا سپریم کورٹ کے باہر بھی شور شرابہ جاری ہے تحریک انصاف ہو یا مسلم لیگ ن  دونوں جماعتوں کے رہنماءایکدوسرے پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے لیکن اچانک سے یہ کیا معجزہ ہوگیا کہ نہ عمران خان بولے اور نہ ہی بہت بولنے والے سعد رفیق نے جلی کٹی سنائیں بس کہا کہ مجبوراً سخت الفاظ کہنا پڑتے ہیں، دوسری جانب سے خاموشی تھی اسی لئے وہ بھی خاموش رہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہر کسی کو یہ دیکھنا ہو کہ کہیں عدالت کے باہر میڈیا ٹاک توہین عدالت کے زمرے میں تو نہیں آتی۔ جمعے کا مبارک دن، سپریم کورٹ کے باہر خاص رحمت رہی مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں میں کچھ زیادہ گرما گرمی نہیں ہوئی ،سعد رفیق خاموشی سے گاڑی میں بیٹھے اور ہاتھ ہلاتے ہوئے چلے گئے۔