عمران خان ،ٹرمپ کی دوسری ملاقات ستمبر میں متوقع
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین رواں سال ستمبر میں نیویارک میں دوبارہ ملاقات متوقع ہے جس میں افغان امن عمل اور پاک بھارت تعلقات کے ساتھ ساتھ معیشت، دفاع اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت گی۔
دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے سائڈ لائن پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان پاکستان کی نمائندگی کر ینگے جبکہ دیگر عالمی رہنمائوں کی طرح امریکی صدر بھی وہاں موجود ہونگے ۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کے مابین مختصر عرصے میں دوبارہ ملاقات کا ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان اور امریکہ ماضی کی تلخیاں پس پشت ڈال کر آگے بڑھ رہے ، دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی ختم ہوگئی ہے اور آنے والے دنوں میں باہمی معاشی، دفاعی اور توانائی کے شعبہ میں تعلقات میں وسعت دیکھنے میں آئے گی۔