Sunday, May 19, 2024

عمران خان وزیر اعظم بن گئے ہیں، تبدیلی کا سفر شروع ہو گیا ، عارف علوی

عمران خان وزیر اعظم بن گئے ہیں، تبدیلی کا سفر شروع ہو گیا ، عارف علوی
August 19, 2018
کراچی (92 نیوز) پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم بن گئے ہیں، تبدیلی کا سفر شروع ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امیدوارعارف علوی کراچی پہنچ گئے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انہوں نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ۔ تبدیلی کا راستہ کھلا ہے، جو وعدے کئے گئے ، جو روڈ میپ ہے اس کا آج عمران خان تعین کریں گے، عوام ساتھ دیتے رہیں، بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ تبدیلی میں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، بغیر چھت کے شہریوں کو چھت ملے گی، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے صدارتی امیدوار کیلئے نامزد کیا۔ پاکستان کے کسی صوبے کے عوام کو بھلایا نہیں جائے گا۔ عارف علوی نے کہا کہ ہمارے مسائل پورے سندھ کے ہیں، کوڑا، پانی، ٹرانسپورٹ، سڑکیں، بجلی یہ سب ہمارے مسائل ہیں،  کراچی والوں کا خاص طور پر میں مشکور ہوں، کراچی کی روشنیاں بحال اور باقی سندھ کے معاملات کو بھی حل کریں گے۔ جو تعلق عوام کے ساتھ ہے وہ کبھی بھی کم نہیں ہو گا،اپنے تعلق کو برقرار رکھنا چاہتا ہوں، اگر تعلق برقرار نہ رہا تو خود بھی پریشان رہوں گا۔