Friday, April 19, 2024

عمران خان نے کے پی کے کو ماڈل صوبہ بنانےکیلئے جھاڑو اٹھا لیا

عمران خان نے کے پی کے کو ماڈل صوبہ بنانےکیلئے جھاڑو اٹھا لیا
December 1, 2015
پشاور(92نیوز)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کےلئے جھاڑو اٹھا لیا، کلین اینڈ گرین پشاورکی افتتاحی تقریب سے عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مارنے کے عادی ہیں معلوم نہیں کب سیاسی خودکشی کرلیں۔ تفصیلات کےمطابق نیا پاکستان بنانے کا اعلان کرنے والے تحریک انصاف عمران خان نے پہلے نیا خیبرپختونخوا بنانے کےلئے جھاڑو اٹھا لیا۔ کلین اینڈ گرین پشاور مہم کا افتتاح جھاڑو دے کر کیا کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پشاورکو صاف ستھرا شہر اور خیبرپختونخوا کو ماڈل صوبہ بنائے گی۔ اس سے قبل افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف پر ایک بار پھر تنقید کے نشترچلائے ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اپنے پائوں پرخود کلہاڑی مارنے کے عادی ہیں معلوم نہیں کب سیاسی خود کشی کرلیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر 2018 تک حکومت چلی تو خیبرپختونخوا کو ایسا ماڈل صوبہ بنا دیں گے کہ آئندہ انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔